لندن میں شادیاں کریں مگر ہمارے پیسے واپس کردیں

لندن میں شادیاں کریں مگر ہمارے پیسے واپس کردیں
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا کو افغانستان سے متعلق خطرات کو سمجھنے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد مولانا فضل الرحمن دوبارہ بیمار ہو جائیں گے، پہلے فیصلہ کر لیں کہ (ن) لیگ کا لیڈر کون ہے؟ ،لندن میں شادیاں ضرور کریں مگر ہمارے پیسے واپس کردیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کبھی اپوزیشن نے کہا کہ یہ بجٹ غلط ہے، ہم متبادل بجٹ دیتے ہیں، کبھی آپ نے سنا ہو کہ افغانستان کے معاملے پر ہماری پالیسی یہ ہو نی چاہئے اور پاکستان کی پالیسی یہ ہے۔ خارجہ پالیسی ہو یا معاشی پالیسی ہو ، کسی بھی معاملے پر آپ کو اپوزیشن کا فریم ورک نہیں ملے گا، ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 بلین ڈالر سے اوپر تھا، اب آکر انڈسٹریل امپورٹ کی وجہ سے ہم 1.8 ارب ڈالر کے خسارے پر ہیں، اس سے پہلے ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیرو پر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 16.4 ارب ڈالر تھے جو اب بڑھ کر27 ارب ڈالر ہو چکے ہیں، ٹیکس کی وصولیاں 38 سو ارب تھیں جو اب 47 سو ارب ہو چکی ہیں، ترسیلاب زر 19.9 ارب تھیں جو اب تین سال میں بڑھ کر 29.4 ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہیں، صنعتوں کی نمو میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، سیمنٹ کی پیداوار میں 42 فیصد اضافہ ہوا، اور زرعی شعبہ میں 11 سو ارب روپے کسانوں کو فالتو گئے، تین سالوں میں بزنس کے اعتماد میں 108 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو چاہیے کہ وہ بحیثیت اپوزیشن اپنی تین سال کی کارکردگی سامنے رکھیں تاکہ معلوم ہو کہ انہوں نے کیا کیا ہے ؟ لوگوں کو ایک تقابلی جائزہ تو ملے، جو ہمارے اینکرز چوبیس گھنٹے حکومت پر تنقید کرتے ہیں اور اپنی ریٹنگ کو اوپر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کوشش میں پورے میڈیا کی ریٹنگز ہی گر گئی ہیں، لوگ پھر انہیں سنجیدہ نہیں لیتے۔

Watch Live Public News