ٹنڈو الہٰ یار ( پبلک نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ، مہنگائی، بےروزگاری اور غربت ہے۔ جیالے اپنے حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ مہنگائی اورمعاشی بحران کے دوران ہم نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ ورکز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر کارکنوں کا شکر گزار ہوں۔ آپ نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور تاریخ رقم کی۔ شہید بینظیر بھٹو نے ایک نہیں دو آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ دنوں اپنی تباہی کے تین سال کا جشن منایا۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں تاریخی اضافہ ہورہا ہے۔ عوا م پیپلزپارٹی کا ساتھ دے کر پاکستان کو بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے تنخواہوں میں 120فیصد اضافہ کیا تھا۔ ہماری حکومت نے پنشنز میں 100فیصد اضافہ کیا۔ موجودہ حکومت نے 3سال کے دوران تنخواہوں اور پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو سب کو روزگار ملتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے نوکریاں دینے کے بجائے لوگوں کو بیروزگار کردیا۔ حکومت نے اسٹیل ملز کو بند کرکے 10ہزار خاندانوں کو بےر وزگار کردیا۔ انہوں نے 50لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، بتایا جائے آج تک کتنے گھر بنے؟ پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھر بنانے کے بجائے لوگوں کے گھر گرا دیئے۔ موجودہ دور حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔