ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافے کے باعث چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھا کر 23 کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی کا فیصلہ کرتے ہوئے 1997 ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ ( ججزتعداد ) ترمیمی بل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا ہے۔بل مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے جمع کروایا۔
حکومتی رکن بیرسٹر دانیال چوہدری کے مجوزہ بل کے مندرجات بھی سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق ججز کی تعداد میں اضافے سے کیسز کی بر وقت سماعت اور فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ججز کی تعداد بڑھانے سے کسی جج پر غیر ضروری دباؤ میں کمی ہو گی۔
واضح رہے کہ اس وقت عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس اور 2 ایڈہاک ججز سمیت اس وقت ججز کی کل تعداد 19 ہے۔