اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں ایف بی آر ٹیکس اہداف کی وصولی کو یقینی بنائے، ٹیکس چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی جا ئے۔ہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر این فورس منٹ (Enforcement) سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں تمباکو کی غیر قانونی نقل و حرکت (Smuggling) اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ ، چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (Track & Trace System) لگایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔ جولائی سے دسمبر تک اس سیکٹر میں 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے، تاکہ اس سیکٹر میں ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔ وزیر اعظم نے ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے ایف بی آر حکام کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں اپنی کوششیں مزید تیز کر کے ٹیکس وصولی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری لانے کی ہدایت کی۔