لاہور(پبلک نیوز) کورونا ایس او پیز کے تحت بغیر ماسک کے گھومنے والے افراد کے خلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کارروائی سٹی ڈویژن میں کی گئی، سٹی ڈویژن میں بغیر ماسک 33 مقدمات درج کئے گئے، اقبال ٹاؤن، سول لائنز اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں تین، تین مقدمات درج کئے گئے جبکہ کینٹ ڈویژن میں بغیر ماسک کے گھومنے والے افراد کے خلاف دو مقدمات درج کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 83 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
سی سی پی او غلام محمد ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا، پولیس، ضلعی حکومت اور محکمہ ہیلتھ کی مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر ماسک اور سماجی فاصلوں کو یقینی نہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، حکومتی اوقات کار کی خلاف ورزی پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی، کورونا وباء میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، احتیاط برتنا ہو گی۔
غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ناکہ بندی بھی کی جائے گی، شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔