پنجاب یونیورسٹی میں فائرنگ، ایک زخمی

punjab uni
کیپشن: punjab uni
سورس: google

ویب ڈیسک : پنجاب یونیورسٹی میں لڑکی کو چھیڑنے سے روکنے پر ملزم نے کلرک پر فائرنگ کردی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں اوباش نوجوان نے لڑکی کو چھیڑا جس پر کلرک انس نے اُسے روکنے کی کوشش کی۔

ملزم نے مشتعل ہوکر یونیورسٹی ملازم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا اور پھر ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملازم کی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی کلرک سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

اُدھر ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق الله تارڑ کی ایس ایچ او مسلم ٹاون کو فوری ملزم کی گرفتاری کی ہدایت کردی جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر مسلم ٹاؤن پولیس فوری موقعہ پر پہنچی۔

پولیس کے مطابق ملازم نے جب ملزم کو روکا تو اُس نے فائر کردیا اور گولی انس کے بازو میں لگی۔

ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں، سی سی ٹی وی کیمروں سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں کلرک کے فائر لگنے سے زخمی ہونے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ واقعہ کی ایف آئی آر کلرک رانا انس کی مدعیت میں درج کرلی گئی ہے۔

مقدمہ تھانہ مسلم ٹاون میں دفعہ 324 اور 294 اے کے تحت درج کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ کلرک انس نے نامعلوم بائیک سوار کو لڑکی کو چھیڑنے اور نازیبا حرکات سے روکا تھا۔ تاحال پولیس نامعلوم بائیک سوار کا سراغ نا لگا سکی۔