جنیوا (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف پاکستان کی قرار داد منظور کر لی گئی۔ قرار داد غزہ میں جاری جنگی کی تحقیقات کے لیے جمع کرائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے غزہ جنگ میں ہونے والے جنگی جرائم پر تحقیقاتی کمیشن کرنے کے لیے قرار داد پیش کی گئی جس کو منظور کر لیا گیا ہے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے لیے مستقل اور آزادانہ کمیشن قائم کیا جائے۔ کمیشن غزہ میں جاری رہنے والی 11 روزہ اسرائیلی بمباری اور حماس کے میزائل حملوں پر رپورٹ مرتب کرے گا۔ رپورٹ میں مغربی کنارہ، مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیل میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان نے یہ قرار داد اسلامی ممالک کی تنظیم ( او آئی سی) کے ذریعہ پیش کی۔ قرارداد کے حق میں 24 جبکہ 9 ووٹ مخالفت میں پڑے۔ اس دوران بھارت سمیت 14 ممالک نے ووٹ نہیں دیا۔ یہ بھی واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا، اسرائیل نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی قرارداد کو مسترد کر دیا، جنگی جرائم میں ملوث اسرائیل نے کسی بھی طرح کا تعاون نہ کرنے کا اعلان بھی کردیا۔