ویب ڈیسک: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 2322 عازمین حج کی میزبانی کی منظوری دیدی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی میزبانوں کا تعلق 88 سے زائد ممالک سے ہے۔
شاہی فرمان کے مطابق ایک ہزار عازمین حج فلسطین میں ہلاک ہونے اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔
یہ حج کے لیے خادم حرمین شریفین کے مہمان پروگرام کا حصہ ہے جس پر عمل در آمد اور نگرانی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد کرتی ہے۔
اس موقع پر اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے وزیر ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’خادم حرمین شریفین کا یہ فرمان اس پیغام کی عکاسی کرتا ہے جو سعودی عرب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں پیش کرتا ہے اور جو عالم اسلام کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید گہرا کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دنیا کے مختلف بر اعظموں سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو معیاری اور ممتاز خدمات کے مربوط نظام کے مطابق حج کرنے کے قابل بنانے کا یہ سخاوت مندانہ اقدام سالانہ روایت ہے‘۔
انہوں نےبتایا کہ ’وزارت نے پروگرام کے جنرل سیکرٹریٹ کے ذریعے، شاہی فرمان کے نفاذ کے تمام طریقہ کار کو سفارت خانوں اور بیرون ملک وزارت کے مذہبی اتاشیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے‘۔