ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بھارت میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کے بائیکاٹ کی باقاعدہ مہم چل رہی تھی لیکن اب پاکستان کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کا شور مچانے والے انتہا پسند فائنل کو بھارتی بڑی اسکرینوں پر دیکھیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ کا فائنل بھارت کے 100 سے زائد سینما گھروں میں دکھایا جائے گا۔
ہندوستان کی معروف ملٹی پلیکس چین PVR Inox نے ملک بھر میں 100 سے زیادہ اسکرینوں پر میچ کی لائیو اسکریننگ کا اعلان کیا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد شائقین کرکٹ نے میچ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جب ٹورنامنٹ شروع ہوا تو بھارتیوں کا غصہ اور حب الوطنی اپنے عروج پر تھی اور کسی کو میچوں کی پرواہ نہیں تھی لیکن بھارت اور پاکستان کے سپر فور میچ کے بعد صورتحال بدل گئی۔ سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی دلچسپی نے ثابت کر دیا کہ پاک بھارت میچ سب کی توجہ کا مرکز ہیں۔ کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ کروڑوں ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملٹی پلیکس نے آئی ٹی ڈبلیو یونیورس اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری میں ملک بھر کے 100 سے زائد تھیٹرز میں میچ کی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔ ٹکٹ آن لائن ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔