سندھ کے ہونہار طلبہ کیلئے سنگاپور کے بین الاقوامی ریاضی مقابلوں کے دروازے کھل گئے

سندھ کے ہونہار طلبہ کیلئے سنگاپور کے بین الاقوامی ریاضی مقابلوں کے دروازے کھل گئے

(ویب ڈیسک) سندھ بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا سنہری موقع سامنے آیا ہے، جہاں انہیں سنگاپور میں منعقد ہونے والے دو اہم بین الاقوامی ریاضی مقابلوں میں شرکت کی باضابطہ پیشکش کی گئی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ، سنگاپور انٹرنیشنل میتھ کنٹیسٹ سینٹر (SIMCC) اور انٹرنیشنل چیمپئن شپ اکیڈمی (ICA) کے مابین رواں سال طے پانے والی باہمی یادداشت (LOU) کے تحت ان مقابلوں کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔

ان بڑے ایونٹس میں 'امریکن میتھس اولمپیاڈ' (American Maths Olympiad) اور ' سنگاپور میتھس چیلنج' (Singapore Maths Challenge) شامل ہیں۔

نشستیں اور اہلیت کا معیار:

ان دونوں مقابلوں میں سندھ کے سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 1,000 ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی گنجائش رکھی گئی ہے۔

جماعت دوسری سے لے کر بارہویں جماعت (کلاس 2 تا 12) کے طلبہ، بالخصوص وہ بچے جو ریاضی کے مضمون میں غیر معمولی اور نمایاں کارکردگی رکھتے ہیں، ان مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

میڈلز، اعزازات اور بین الاقوامی مواقع:

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ، سلور اور برونز میڈلز کے ساتھ خصوصی اسناد اور شیلڈز سے نوازا جائے گا۔

نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے باصلاحیت طلبہ کو مستقبل میں گلوبل سطح کے دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا براہِ راست موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن :

دونوں عالمی مقابلوں میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور ڈائریکٹرز کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اسکول کی سطح پر طلبہ کی مکمل حوصلہ افزائی اور رہنمائی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرکاری اسکولوں کے بچے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم سے مستفید ہو سکیں۔

Watch Live Public News