لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب بیوروکریسی پر نوازشات، سرکاری افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کا اعلان، چھوٹے گریڈز کے سرکاری ملازمین حکومتی توجہ کے منتظر۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام افسران کو بڑا الاؤنس پیکج دے دیا۔ سرکاری افسران کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ایگزیکٹو الاؤنس ملے گا۔ الاؤنس کا اطلاق فروری 2021 سے ہو گا۔ الاؤنس پنجاب کے تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے فیلڈ اور دفتری افسران کو ملے گا۔
ایگزیکٹو الاونس او ایس ڈی افسران کو بھی ملے گا۔ سرکاری پے سکیل کے علاوہ تنخواہ وصول کرنے والے افسران کو الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔ ایگزیکٹو الاؤنس پنشن یا گریجویٹی میں شامل نہیں ہوگا۔
گورنر پنجاب کے حکم پر سیکرٹری خزانہ پنجاب نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ بیوروکریسی پر نوازشات پر گریڈ1 سے16 تک کے سرکاری ملازمین میں بے چینی کی لہر پیدا ہو گئی۔