اسلام آباد کے تھانوں میں کیمرے اور مائیک نصب

اسلام آباد کے تھانوں میں کیمرے اور مائیک نصب
اسلام آباد( ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلسل سائلین کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور مائیک نصب کئے جا رہے ہیں جبکہ کسی تھانوں میں یہ عمل مکمل بھی ہو چکا ہے تاکہ اعلیٰ افسران سائلین کے ساتھ کسی بھی ناروا سلوک کو خود ملاحظہ کر سکیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں سے اسلام آباد کے تھانوں میں سائلین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جس کے بعد اب وفاقی دارالحکومت کے تمام تھانوں میں مائیک اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ پولیس اہلکار ناروا سلوک نہ کر سکیں۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی تھانے میں شہریوں سے نامناسب رویہ کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز ناصرف کیمروں سے مانیٹرنگ کریں گے بلکہ خود سائلین سے بات بھی کر سکیں گے، تمام زونل ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز کو روزانہ ایک گھنٹہ اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔