ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی استثنیٰ سے متعلق کیس کا فیصلہ اپریل میں سنایا جائے گا

ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی استثنیٰ سے متعلق کیس کا فیصلہ اپریل میں سنایا جائے گا
کیپشن: Donald Trump's presidential immunity case will be heard in April

ویب ڈیسک: امریکی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں مبینہ مداخلت کیس میں صدارتی استثنیٰ حاصل ہے یا نہیں اس کا فیصلہ اپریل میں دلائل سننے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزام ہے کہ اُنہوں نے 2020 کے صدارتی انتخابات میں اپنی شکست پلٹنے کے لیے سازش کی تھی۔ اس فیصلے نے سابق امریکی صدر کو ایک ایسے کرمنل ٹرائل کے مزید قریب پہنچا دیا تھا جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

توقع ہے کہ سپریم کورٹ جون میں استثنیٰ کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔

سپریم کورٹ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ وہ یہ فیصلہ کرے گی کہ کیا سابق صدر کو اپنے عہدے کے دوران سرکاری کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں فوجداری مقدمے سے صدارتی استثنیٰ حاصل ہے یا نہیں اور اگر ایسا ہے تو انہیں کس حد تک استثنیٰ حاصل ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ اس سال نومبر کے صدارتی الیکشن میں 2020 کے انتخابات کی طرح موجودہ ڈیموکریٹک صدر جوبائیڈن کے مدِمقابل ہوسکتے ہیں۔

ایک اور ریاست میں ٹرمپ کے بیلٹ پر ہونے کی پابندی:

دریں اثناء امریکی ریاست الی نوائے میں ایک جج نے ٹرمپ کو ریاست کے پرائمری مقابلے کے لیے بیلٹ میں امیدوار کی حیثیت سے شامل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جج نے یہ فیصلہ ٹرمپ کے چھ جنوری 2021 کو امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت کیا۔ اس سے قبل ریاستوں کولوراڈو اور مین ہٹن نے بھی سابق صدر ٹرمپ پر اسی نوعیت کی پابندی لگائی تھی۔

ٹرمپ پر وفاقی عدالت میں الزام ہے کہ انہوں نے کانگریس کی طرف سے موجودہ صدر جو بائیڈن کی 2020 کے انتخابات میں جیت کی کانگریس کی جانب سے توثیق میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے جعلی ووٹرز کا استعمال کیا۔

ٹرمپ پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس وقت کے نائب صدر مائیک پینس پر انتخابی نتائج کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

دریں اثنا نیو یارک کی اپیل عدالت کے ایک جج نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 45 کروڑ 40 لاکھ سے زائد کے دھوکہ دہی کیس میں عائد جرمانے کی وصولی کو روکنے سے انکار کر دیا ہے اور حکم دیا ہے کہ فیصلے پر عمل درآمد روکنے کے لیے ٹرمپ کو پوری رقم کا بانڈ جمع کرانا ہو گا۔

ٹرمپ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں واجب الادا رقم کے مقابلے میں ایک کم رقم کا بانڈ جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔

ٹرمپ کے وکلا کے مطابق سابق صدر 10 کروڑ ڈالر کے بانڈ جمع کرانے کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ جنوری میں نیو یارک کی ایک جیوری نے ٹرمپ کو 1990 کی دہائی میں مین ہٹن کے ایک ڈپارٹمنٹ اسٹور میں مصنف ای جین کیرول کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام کے بعد انہیں بدنام کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں آٹھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کونٹینٹ پروڈیوسر