سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نےمہنگائی کی نئی لہر کی پیشگوئی کردی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مستردکردیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی ۔ شوکت ترین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ حکومت گیس کی قیمت بھی بڑھائے گی جس سے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی 45فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں روپیہ 14سے15فیصد تک گرا، اداروں کو سوچنا چاہیے کہ حکومت کرنا پی ڈی ایم کے بس کی بات نہیں ہے۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ 2 اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں ،ملک میں عام انتخابات اب ناگزیر ہیں تاکہ عوامی مینڈیٹ والی حکومت مسائل حل کرسکے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35، روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرے ہوئے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 35، 35 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 35 روپے کے اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ 18 روپے کے اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 189 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 187 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔