نوازشریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں 9مئی والوں سے ہے، مریم نواز

نوازشریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں 9مئی والوں سے ہے، مریم نواز
کیپشن: Nawaz Sharif's competition is not with any political party but with those of May 9, Maryam Nawaz

ویب ڈیسک: چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ 9 مئی والوں سے ہے۔ 

چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے این اے 130 میں جلسے سے خطاب کیا ہے۔ سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہ حلقہ نیا نہیں ہے۔ آپ سب نواز شریف سے محبت کرنے والے ہیں، 2013 میں اس حلقے میں انتخابی مہم کی ذمہ داری مجھ پر تھی۔ 

مریم نواز نے کہا کہ یہ سب گلیاں اور سب بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ 2017 میں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ اس پر بیگم کلثوم نواز کو ٹکٹ دیا گیا تو ان کی انتخابی مہم کی ذمہ داری دوبارہ مجھے دی گئی۔ اس حلقے کا وہ جعلی الیکشن ایک طرف تھا اور پورے ملک کو الیکشن ایک طرف تھا۔ 

سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت کلثوم نواز کیخلاف 42 امیدوار میدان میں اتارے گئے۔ ہمارے ووٹروں کو تب ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا۔ 2018 میں نواز شریف کا ایک کارکن کھڑا ہوا تو آپ نے اسے ریکارڈ ووٹوں سے جتوایا۔ نواز شریف نے پوچھا کہ آپ ان سے محبت کیوں کرتے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بچے سے ٹیلیویژن اینکر نے مسلم لیگ ن کا جھنڈا لے کر جلسے میں آنے کا سبب پوچھا۔ اس بچے نے کہا کہ نواز شریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے۔ لاہور پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے۔ نواز شریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ ہم 28 مئی والے ہیں اور وہ 9 مئی والے ہیں۔ نواز شریف کا مقابلہ 9 مئی والوں سے ہے۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دکھوں کی داستانیں لکھی جائیں تو سیاہی ختم ہو جائے۔ نواز شریف نے آپ کے لئے دکھ اٹھائے۔ نواز شریف دوبارہ آپ کے لئے انتخابی میدان میں ہیں کیونکہ آپ کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے۔ اس لاہور کے لئے ہر چند ماہ بعد نیا منصوبہ آتا تھا۔ آج لاہور میں مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں بنانے والا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہر جانب مسلم لیگ ن کےترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں۔ ایک ایک ووٹ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے۔ سب مسلم لیگ ن کا یہ پیغام  پہنچانے کے لئے گھروں سے نکلیں کہ ہم  28 مئی والے ہیں۔ 8 فروری کو ہم نے 9 مئی والوں کو ملک سے ہی نکال باہر کرنا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز سینئر رہنماوں کے ہمراہ پنڈال سے واپس روانہ ہوگئے۔

Watch Live Public News