نشان بدلا ہے ایمان نہیں، پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا، عمران خان

نشان بدلا ہے ایمان نہیں، پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا، عمران خان
کیپشن: The sign has changed not faith, no one can stop PTI, Imran Khan

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا صرف نشان بدلا ہے ایمان نہیں۔ پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ بندھے ہاتھوں سے اب بھی ایک جلسہ کرلینے دیں تو تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ کیسز بہت تیزی سے چل رہے ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ میچ فکس ہے۔ ڈونلڈ لو کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، اسد مجید اور سہیل محمود اہم گواہ ہیں۔ 

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا، ہمارا نشان بدلا ہے ایمان نہیں۔ پاکستان کے اندر الیکشن ڈس کریڈٹ کر دیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات ہوں۔ ہم تو بات کرنے کو تیار ہیں۔ نواز شریف ویگو ڈالا وزیراعظم بننے جارہا ہے،ہمارے اوپر ریڈ لائن ڈال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن کا حق صرف عوام کا ہے، نواز شریف اب بھی منتیں کر رہا ہے۔ نواز شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے بلایا اور اس کی بائیو میٹرک ائیر پورٹ پر ہوئی۔ مجھے بندھے ہوئے ہاتھوں سے صرف ایک جلسہ کرنے دیں ملکی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا۔ مجھے الیکشن سے پہلے صرف پریڈ گراونڈ میں جلسہ کرنے دیں ان کو سمجھ آ جائے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ باجوہ میرے پیچھے پڑا ہوا تھا کہ ان سب کو این آر او دیں۔ صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان میں معیشت ڈوب جائے گی۔ کل جو ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا اس کی ذمہ داری چیف جسٹس پر عائد ہوتی ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا سپریم ٹیسٹ ہے، فنڈامینٹل رائٹس کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔ امیدواروں کو پولیس نے اٹھا لیا اور سپریم کورٹ کہتی ہے کہ ثبوت دیں۔ ہماری پارٹی کو اٹھنے نہیں دیا جارہا، سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 15، 16 اور 17 کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ نواز شریف کو ویگو ڈالا بھی نہیں جتوا سکتا، ویگو ڈالے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ اتنا کچھ ہونے کے باوجود ہمارے کارکنان نکلے ہیں اس پر مبارکباد دیتا ہوں۔

Watch Live Public News