مون سون کا زوردار سپیل، جل تھل ایک، جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ

مون سون کا زوردار سپیل، جل تھل ایک، جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ
کیپشن: لاہور میں بونداباندی سے موسم خوشگوار،مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگی جبکہ طاقتور مون سون ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں آج اور کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے بدھ تک بارش کا امکان ہے، شہر میں آج ہلکی اور منگل کو تیز بارش ہو سکتی ہے۔آج مون سون سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے، کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں ک کہنا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں ہلکی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات نے تھرپارکر، عمرکوٹ اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ آج بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں مزید تیز بارش کا امکان ہے۔

ندی نالوں میں طغیانی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، بارش کے باعث علاقے زیر آب آگئے، جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریوں کے مقام پر پانی کی سطح 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، راولپنڈی سے مظفرآباد کو ملانے والی شاہراہ دولائی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں آج مزید بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز بارش ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 39، مردان 24، بالاکوٹ میں 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، مہمند، کوہاٹ، خیبر، کرم، کرک، بنوں، لکی مروت،ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدش ہے۔جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورالائی، سبی، ہرنائی، زیارت میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، قلات، خضدار، لسبیلہ ،آواران، کیچ اور پنجگور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40، قلات میں 36، ژوب میں 37 اور زیارت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47، تربت میں 44، نوکنڈی میں 49، چمن میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں 37 اور جیوانی میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

پی ڈی ایم اے 

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 جولائی تک پنجاب بھر میں بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سے مون سون کاسلسلہ ملک کےوسطی اورجنوبی حصوں میں داخل گیا ہے،27جولائی کوداخل ہونےوالاسلسلہ 3اگست تک برقراررہےگا،مغربی اور مشرقی دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے،پنجاب،آزادکشمیر،خیبرپختونخوااورسندھ کےمختلف اضلاع میں بارش کاامکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں کےدوران کراچی میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے،6 انچ کا سیلابی پانی پیدل افراد کیلئے نقصان دہ بن سکتا ہے،محض1فٹ سیلابی پانی کاریلہ گاڑی کوبہاسکتاہے۔

Watch Live Public News