ٹریفک وارڈن پر فائرنگ اور حملہ کرنے والے ون ویلرز کیخلاف مقدمہ درج

ٹریفک وارڈن پر فائرنگ اور حملہ کرنے والے ون ویلرز کیخلاف مقدمہ درج
کیپشن: A case has been registered against the one-wheelers who fired and attacked the traffic warden

ویب ڈیسک: راولپنڈی کے تھانہ ریس کورس کے علاقے میں ٹریفک وارڈن حمزہ پر ون ویلرز کے حملے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ فائرنگ اور حملہ کرنے والے ون ویلرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اشارے کی خلاف ورزی پر اعزاز شاہ کا چالان کیا جس پر اس نے ساتھیوں کو بلا لیا۔ اعزاز شاہ نے پسٹل سے ٹریفک اہلکار حمزہ اور اسرار احمد پر فائرنگ کی۔ ملزم نعمان نے آہنی مکے سے حمزہ پر وار کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔ 

متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ون ویلرز نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی وردی بھی پھاڑ دی۔ ملزمان اعزاز شاہ اور نعمان کے خلاف اقدام قتل کی دفعات سمیت 4 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

قبل ازیں راولپنڈی کینٹ کی قاسم مارکیٹ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ٹریفک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ حمزہ نے راولپنڈی کینٹ کی قاسم مارکیٹ کے قریب ون ویلنگ کرنے والے ایک موٹرسائیکل سوار کا چالان کیا، جس پر اس نے ساتھوں کے ساتھ مل کر ٹریفک اسسٹنٹ پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

ملزمان کی فائرنگ سے ٹریفک اسسٹنٹ حمزہ شدید زخمی ہوگیا ہے، جسے علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان نے زخمی ہونے والے ٹریفک اسسٹنٹ کی اسپتال میں آکرعیادت کی ہے، سی ٹی او نے حمزہ کی جلد صحتیابی کی دعا کے ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے اہلخانہ کو تسلی دی کہ ٹریفک اسسٹنٹ حمزہ کا مکمل علاج کروایا جائے گا۔

Watch Live Public News