اسلام آباد: عدالتی اصلاحات بل میں محسن داوڑ کی تجویز کردہ ترمیم سے نوازشریف، یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین کو اپیل کا حق مل گیا ہے۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرز بل میں محسن داوڑ کی تجویز کردہ ترمیم شامل کرلی گئی ہیں جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو سزا کے خلاف اپیل کا حق مل گیا۔ 30 دن میں ون ٹائم اپیل کے حق سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ساتھ یوسف رضاگیلانی، جہانگیر ترین سمیت از خود نوٹس کیسز کے فیصلوں کے دیگر متاثرہ فریق بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں محسن داوڑ کی ترمیم کی حمایت کی گئی۔اس حوالے سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہم محسن داوڑ کی ترمیم کی مخالفت واپس لیتے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت ہوئی جس کے بعد محسن داوڑ کی مجوزہ ترمیم منظور کرلی گئی۔