وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کا احسن اقدام ، شہداء کی بیواؤں کو پلاٹس دینے کا اصولی فیصلہ

وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کا احسن اقدام ، شہداء کی بیواؤں کو پلاٹس دینے کا اصولی فیصلہ

(ویب ڈیسک ) صوبائی حکومت کی مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں ان شہداء کی بیواؤں کو پلاٹس دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ ہاؤسنگ کا پہلا اجلاس ہوا۔ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کی بیواؤں کے لئے وزیر اعلیٰ کا اہم اقدام، صوبائی حکومت نے  مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں ان شہداء کے بیواؤں کو پلاٹس دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  صوبائی حکومت کی مختلف ہاؤسنگ اسکیموں میں پہلے سے دستیاب 500 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے ان شہداء کے بیواؤں کو دیئے جائیں گے۔

وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ  صوبے میں ہاؤسنگ اسکیموں اور رہائشی فلیٹس کی تعمیر کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، ہاؤسنگ اسکیموں کے قیام کے لئے محکمہ ہاؤسنگ کو زمینوں کی فراہمی سے متعلق کابینہ کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے،  جن اضلاع میں ہاؤسنگ اسکیموں کی ضرورت ہے وہاں پر نئی ہاؤسنگ اسکیموں کے لئے موزوں جہگوں کی نشاندہی کی جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ  صوبے میں ہاؤسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل اپنایا جائے، صوبے کی آمدن میں اضافے کے لئےسرکاری زمینوں کے بہتر استعمال کے لئے ایسٹس منیجمنٹ کمپنی کے قیام پر کام تیز کیا جائے،مجوزہ کمپنی کو موثر بنانے کے لئے اس میں تمام متعلقہ محکموں کی رکنیت کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلی کے پی  کا کہنا تھا کہ متوسط اور غریب طبقے کو رہائشی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لئےنئے مالی سال کے بجٹ میں تین ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے، اس فنڈز سے لوگوں کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لئے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

اجلاس کو خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت ہاؤسنگ اسکیموں کے جاری اور مجوزہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ  خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے اپنے وسائل سے صوبے میں ہاؤسنگ کے سات منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت تقریبا 46 ارب روپے ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ  سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہاؤسنگ کی پانچ اسکیموں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت چار ارب روپے سے زائد ہے،  صوبے کے مختلف اضلاع میں ہاؤسنگ کے اٹھ نئے منصوبے شروع کرنے کی تجویز ہے،   ان مجوزہ منصوبوں کا مجموعی تخمینہ لاگت 88 ارب روپے ہے۔

Watch Live Public News