حکومت تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتی ہے

حکومت تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتی ہے
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کی نئی قسم ' اومیکرون' کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اس کا پتا نہیں ہے، تاہم حکومت چاہتی ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔ شفقت محمود نے یہ بات لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم کے بارے میں مجھے تفصیل سے پتا نہیں ہے مگر ہم ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ امتحانات مکمل نصاب اور مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ صوبہ پنجاب میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سموگ کی وجہ سے سکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار 3 روز کی چھٹی سے اس میں کمی آئے گی، دیکھا گیا ہے کہ تعطیلات سے سموگ ہمیشہ کم ہوا ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون نے عالمی سطح پر اپنے پنجے گاڑنا شروع کردئیے ہیں۔ ڈیلٹا ویرینٹ سے دُوگنا رفتار سے پھیلنے کی صلاحیت رکھنے والے اس وائرس نے کئی ممالک کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ خبریں ہیں کہ وائرس کی اس نئی قسم نے جنوبی افریقا سے سر اٹھایا ہے۔ اب یہ بھارت، انگلینڈ، کینیڈا، چیک ری پبلک، نیدرلینڈ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پہنچ چکا ہے۔

Watch Live Public News