ماچھکہ آپریشن ، 3 ڈاکو ہلاک،5مقامی افراد سمیت 1 پولیس اہلکار شہید

ماچھکہ آپریشن ، 3 ڈاکو ہلاک،5مقامی افراد سمیت 1 پولیس اہلکار شہید
صادق آباد: پولیس کے مطابق ماچھکہ آپریشن میں اب تک 9 ہلاکتیں ہو چکیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 5 ہلاکتیں سولنگی برادری کی ہوئیں ہیں، اب تک 3 ڈاکو جہنم واصل کیے جا چکے ہیں ،جبکہ 1 پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق 2 پولیس اہلکار شدید زخمی حالت میں ریسکیو کئے جا چکے ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے اے پی سی پر راکٹ داغا تھا تاہم ابھی پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں، شرپسندوں،کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، کچہ کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے دوسرے جوان نے آج شہادت پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ کے دہشت گردوں،ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رحیم یار خان کے نواحی علاقے ماچھکہ کے قریب کسانوں پر فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لئے اضافی پولیس فورس تعینات کی جائے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔