وزیر اعظم عمران خان کو ڈائریکٹر جنرل اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO)کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے SCO کے زیر انتظام منصوبوں کا افتتاح کیا۔
جن میں سی پیک خنجر اب تا راولپنڈی آپٹک فائبر کیبل کا پہلا مرحلہ، گلگت بلتستان کے 39 مقامات میں گھروں تک آپٹک فائبر تار کی رسائی، SCO کے اشتراک سے قراقرم یونیورسٹی میں انکیوبیشن سنٹر کا قیام، معروف کوہ پیما مرحوم علی سدپارہ کی یاد میں K-2 بیس کیمپ پر جدید ٹرانسیور اسٹیشن کا قیام اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں رابطہ کے لیے VSAT حب کا قیام شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے آپٹک فائبر کیبل کے دوسرے مرحلے اور ہنزہ میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
احساس پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں جاری امدادی منصوبوں اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی پر معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فی الوقت گلگت بلتستان کے3 اضلاع میں احساس نشوونما مراکز قائم ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں احساس کے پرائمری تعلیمی وظائف کے ساتھ ساتھ ثانوی تعلیمی وظائف کا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ احساس کے ثانوی تعلیمی وظائف کا آغاز رواں سال جولائی سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں احساس ون وومن ون اکاؤنٹ اقدام کا آغاز ملک کے تمام صوبوں کے13 اضلاع سے کیا جا رہا ہے۔ احساس ون وومن ون اکاؤنٹ کے تحت ہر کفالت صارف کو بچت بینک اکاؤنٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے گلگت بلتستان بھر کے لیے احساس نشوونما، احساس ثانوی تعلیم وظائف اور احساس ”ایک عورت- ایک اکاؤنٹ“ کا اجرا کیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے بریف کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے بھر پور مواقع موجود ہیں جن سے کثیر زر مبادلہ حاصل ہوگا اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔ وزیر اعظم نے تاکید کی کے سیاحت کے منصوبوں میں ماحولیات کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔
وزیر اعظم نے گلگت بلتستان حکومت کے ویب پورٹل، چیف منسٹر ٹاسک مینجمنٹ سسٹم اور چیف منسٹر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح بھی کیا۔ اس سسٹم کے اجرا سے عوامی شکایات کے جلد ازالہ میں مدد ملے گی اور سرکاری کارروائی میں جدت اور محکموں کے درمیان رابط کاری مستحکم ہو گی۔