ویب ڈیسک: ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے بڑا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سینئر صحافی حامد کی درخواست پر سماعت کی۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر رکھا ہے کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ کاشف عباسی، محمد مالک، عارفہ نور، عمران ریاض خان سمیت دیگر صحافی و اینکرپرسنز بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
پٹیشنر حامد میر اپنے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جی شعیب صاحب، کیا اعتراض ہے اس درخواست پر؟
بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سو موٹو ایکشن لیا گیا تھا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ اعتراضات میں دور کر دیتا ہوں، آپ سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کی آرڈر شیٹس مہیا کر دیں۔
دوسری جانب کینیا میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں اکتوبر 2022 میں پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کے خلاف ان کی اہلیہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت آج (بروز منگل) کینیا کی عدالت میں ہوگی۔
ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق کی درخواست پر گذشتہ برس اکتوبر میں یہ مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
اس درخواست کی ابتدائی سماعت دسمبر 2023 میں کینیا کی ہائی کورٹ میں ہوئی تھی، جس میں جج نے پولیس اور دیگر ملزمان کی طرف سے درخواست پر اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے تمام فریقین کو تفصیلی جواب دینے کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔