دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ افغانستان نے بنگلادیش کا 128 رنز کاہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زادران نے 6 چھکوں کی مدد سے17 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مصدق حسین نے ناقابل شکست 48 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ محموداللہ نے 25 اورمہدی حسن نے 14 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان اور مجیب الرحمان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حضرت اللہ ززئی 23 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ کپتان محمد نبی 8 رنز بناسکے۔ابراہیم نے 41 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نجیب نے17 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن، مصدق اورسیف الدین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ، افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔