ویب ڈیسک : (علی رضا ) سڈنی ٹیسٹ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ریٹائرمنٹ کا کہہ دیا گیا، روہت شرما سلیکٹرز کو منانے میں جت گئے۔
بھارتی میڈیا میں شائع اور نشر ہونے والی رپورٹس کے مطابق ملبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹاربیٹر روہت شرما کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں بی سی سی آئی اور سلیکٹرز نے انہیں اشاروں کنایوں میں نہیں بلکہ سیدھا سیدھا کہہ دیا ہے کہ وہ سڈنی دورے کےبعد اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں۔
ان کی ریٹائرمنٹ کی خبر نے بھارت سمیت دنیائے کرکٹ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔
یادرہے بھارتی ٹیم کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی راہ انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روہت شرما جلد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے والے ہیں۔
سڈنی ٹسٹ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔ یہ مقابلہ اگر پورے پانچ دن تک چلا تو 7 جنوری روہت شرما کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری دن ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر انڈیا کے صارفین کی جانب سے شکست پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن اس سے قبل ہی روہت شرما، کوہلی، ریٹائر اور ’ہیپی ریٹائرمنٹ‘ جیسے ہیش ٹیگ گردش کر رہے ہیں۔
امت سنگھ نامی ایک صارف نے روہت اور کوہلی کی تصاویر ڈالتے ہوئے لکھا: ’اپنی وراثت کو برباد کرنے کے یہ دونوں خود ہی ذمہ دار ہیں۔ اگر وہ اب بھی ریٹائر نہیں ہوتے ہیں، تو سلیکٹرز کو بغیر کسی تاخیر کے انھیں باہر جانے کا دروازہ دکھانا ہوگا! انھیں اس طرح انڈین ٹیم میں دیکھنا تمام شائقین کے لیے ذلت آمیز اور شرمناک ہے۔‘