پنجاب کابینہ نے آئندہ 4 ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی

پنجاب کابینہ نے آئندہ 4 ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی
لاہور: پنجاب کابینہ نے آئندہ 4ماہ کے لئے 2076.2ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا31واں اجلاس ہوا،جس میں پنجاب حکومت کے رواں مالی سال کے آئندہ 4ماہ نومبر2023تا فروری2024 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے آئندہ 4ماہ کے لئے 2076.2ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے 351 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کی بھی منظوری دے دی۔ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 50ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے، صحت کے شعبہ میں 208 ارب روپے اور تعلیم کے شعبہ میں 222 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے 10ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لئے 1ارب 80کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، پنجاب ٹیکسٹ بکس کے لیے 5ارب روپے مختص کرنے کی منظوری جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے 7 ارب30کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے آئندہ4ماہ کے بجٹ کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری خزانہ نے پنجاب حکومت کی مالیاتی پوزیشن اور سرپلس وسائل کے بارے میں کابینہ ممبران کو آگاہ کیا۔سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب حکومت مالیاتی طور پر مضبوط اور مستحکم ہے، پنجاب حکومت کا بجٹ خسارے میں نہیں بلکہ سرپلس ہے۔ پنجاب کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورکرز کی کم از کم اجرت 32ہزار روپے کا اطلاق یکم جولائی 2023سے ہوگا، جس کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں انسداد سموگ کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا ، پنجاب بھر خصوصاً شیخوپورہ، ساہیوال،گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور اور قصور میں انسداد سموگ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ انسداد سموگ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کریں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ تعمیراتی منصوبوں اور زیر تعمیر عمارتوں کے باہر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے، فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ اس کے علاوہ پنجاب پرائس کنٹرول برائے اشیائے ضروریہ آرڈیننس 2023کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب کابینہ نے 4ماہ کے بجٹ کی تیاری پر سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔