کورونا کا زور ٹوٹنے سے مہنگائی کی عارضی مشکل ختم ہو جائیگی

کورونا کا زور ٹوٹنے سے مہنگائی کی عارضی مشکل ختم ہو جائیگی
اسلام آباد ( پبلک نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک کے اندر کورونا کی وجہ سے ہمیں مسائل آئے لیکن ماشا اللہ اب تیزی سے منصوبے آگے بڑھ رہے ہیں، لائن لاسز کی وجہ سے ہم بجلی ہوتے ہوئے لوگوں تک نہیں پہنچا سکتے کیونکہ ہماری ٹرانسمیشن لائنز پرانی ہو چکی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ایک طرف کہتے ہیں کہ آپ کے پاس بجلی ہے تو وہ ہم تک پہنچی کیوں نہیں، لوڈ شیڈنگ کیوں ہے، لوڈ شیڈنگ اس لئے ہے کہ ٹرانسمیشن لائنز اتنی پرانی ہو چکی ہیں، یہ وہ پراجیکٹ ہے جس کے تحت ہم جدید ٹرانسمیشن لائنز والا نظام لا رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک شروع ہوا تو پہلے سڑک اور پاور جنریشن ہوئی اور اب ٹرانسمیشن پر پہنچ گیا ہے، ہمارا اگلا راستہ انڈسٹری ہے، انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ملک میں وہ دولت نہیں آسکتی جو ہم چاہتے ہیں، ہمارے اوپر جو قرضے ہیں وہ اسی وقت واپس ہو ں گے جب دولت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی مثال ایک گھر سے دے سکتے ہیں۔ ایک گھر جب مقروض ہو جاتا ہے تو وہ پہلے اپنی آمدنی بڑھاتا ہے پھر قرضے واپس ہوتے ہیں، ہم نئی ٹیکنالوجی لاکر اپنی دولت میں اضافہ کریں گے اور قرضوں کا بوجھ نیچے کریں گے، سی پیک کی رفتار تیز ہو گی۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی، دنیا میں اشیا کی قیمتیں اوپر چلی گئیں، یہ قیمتیں کورونا کی وجہ سے بڑھی ہیں، ساری دنیا میں کھانے پیسے کی قیمتیں بڑھ گئیں، یہ عارضی طور پر ہے، جیسے جیسے ویکسین لگتی جا رہی ہے، کورونا کا خوف کم ہو رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ انشا اللہ اس کے بعد جو ویو ہو گی وہ بہت کم ہو گی۔

Watch Live Public News