ویب ڈیسک: وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کی تعداد 144 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2023 لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے کی مزید پیشرفت ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کی تعداد 144 ہوگئی جبکہ ملزمان میں 16 اشتہاری بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر بھی شامل ہیں۔
لیبیا کشتی حادثے میں ایف آئی اے نے مجموعی طور پر 197 مقدمات درج کئے، کشتی حادثے میں ملوث 55 ملزمان کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے گئے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔
انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مقیم انسانی سمگلروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسسز جاری کئے گئے۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کے شناختی کارڈ اور بنک اکاونٹس فوری بلاک کئے جائیں۔ کشتی حادثات میں ملوث سہولتکاروں کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کریں۔ ایئرپورٹ انچارجز اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو پائے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے ملوث افسران و اہلکاروں کے بیانات قلم بند کر لئے،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ملوث افسران پر اظہار برہمی کیا۔
گز شتہ روز ڈی جی ایف آئی اے نے ملوث افسران و اہلکاروں کو طلب کیا تھا،مختلف زون سے تعلق رکھنے والے 38 افسران و اہلکار پیش ہوئے،ان افسران و اہلکاروں کا تعلق گوجرانوالہ۔سیالکوٹ۔ملتان اور فیصل آباد سے ہے۔ان تمام افسران و اہلکاروں کے تحریری بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقات مکمل ہونے پر ان افسران کے خلاف کارروائی ہو گی،ان افسران کو محکمہ سے برخاست کئے جانے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔