واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے اڈوں کیلئے کوئی درخواست نہیں کی اور نہ ہی مطالبہ کیا ہے، افغان عوام کیلئے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ امریکی حکومت کے ترجمان برائے جنوبی ایشیا زیڈ تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ نہ ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان سے رابطہ نہ کرنے پر مختلف باتیں گردش کر رہی ہیں لیکن ان کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ تعلقات میں کوئی مسئلہ ہے، امریکہ نے اس دوران پاکستان کو کورونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں خیر سگالی کے طور پر دی ہیں۔ زیڈ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات آج بھی قائم ہیں اور امریکہ کی طرف سے عالمی وبا کے موقع پر پاکستان کی مدد کرنا اس بات کا ثبوت ہے۔ اگر وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ نہیں ہو سکا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے باہمی تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔