لینڈ سلائیڈنگ، 48 گھنٹوں کے اندر شاہراہ قراقرم کھول دی گئی

لینڈ سلائیڈنگ، 48 گھنٹوں کے اندر شاہراہ قراقرم کھول دی گئی
پبلک نیوز: گلگت بلتستان میں شدید لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ قراقرم ہائی وے کی بحالی، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ دیامر کی انتھک کوششوں سے اڑتالیس گھنٹوں کے اندر چھوٹی گاڑیوں کے لیے شاہراہ قراقرم کھول دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 29 اور 30 جولائی کو شدید بارشوں کے باعث 25 سے زائد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ دو مقامات پر پچاس میٹر سے زائد شاہراہ قراقرم کا وجود ہی مٹ گیا تھا۔ ان جگہوں پر سڑک مکمل طور پر دریا برد ہو گئی تھی۔ این ایچ اے گلگت بلتستان زون کی زیر نگرانی بحالی کے کام کا فوری آغاز کیا گیا۔ ڈائریکٹر این ایچ اے محمود زمان کا کہنا ہے کہ دن رات ایک کر کے ہفتوں کا کام دنوں میں مکمل کیا گیا ہے۔ شاہراہ قراقرم پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ فی الحال چھوٹی گاڑیوں کے لیے راستہ بنایا گیا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں ٹریفک کی مکمل بحالی کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جی ایم این ایچ اے محبوب ولی، ایف ڈبلیو او حکام اور ڈی سی دیامر سمیت مقامی انتظامیہ مسلسل موقع پر موجود ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کی مشکلات کے پیش نظر ہم نے ایک پل بھی آرام نہیں کیا۔ حکام کے مطابق مسلسل جاری بارشوں میں بھی بحالی کا کام نہیں روکا گیا۔ پوری کوشش ہے کہ جلد از جلد مکمل ٹریفک بھی بحال ہو جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔