پشاور: ( پبلک نیوز) خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو پولنگ کا آغاز صبح 8 بجےہوا جو کہ شام 5 بجے تک جاری رہا،اب ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا ہے. الیکشن کمیشن میڈیا سیل سے جاری تفصیلات کے مطابق شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا۔ چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سپیشل سیکرٹری بھی تمام پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ادھر، چیف الیکشن کمشنر کاعوام سے کہنا تھا کہ وہ بلاخوف وخطر ووٹ ڈالنے آئیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ترجمان ای سی پی کے مطابق پولنگ پر امن طور پر جاری رہی،کنٹرول روم نتائج کے آنے تک قائم رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں.