چینی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرنے کے حوالے سے چلائی جانیوالی خبریں غلط: ممتاز زہرہ بلوچ

 چینی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرنے کے حوالے سے چلائی جانیوالی خبریں غلط: ممتاز زہرہ بلوچ

ویب ڈیسک: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ چینی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرنے کے حوالے سے چلائی جانے والی خبریں غلط ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ترجمان نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ چینی سفیر باقاعدگی سے وزارت خارجہ کا دورہ کرتے ہیں, براہ کرم ایسی سنسنی خیز خبروں کو پھیلانے سے اجتناب کریں۔‘ چینی سفیر کو ڈی مارش کیلئے طلب نہیں کیا.

اس سے قبل جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے ’دہشت گرد‘ تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کو مسترد کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت سے پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے والے عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں ایک افغان سفارت کار کے ایک بیان پر تبصرہ کرنے کے لیے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ’افغان حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گرد گروپوں، بنیادی طور پر ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں کیوں کہ پاکستان نے افغان حکام کو شواہد بھی فراہم کیے تھے۔‘

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ عالمی برادری کا بھی مطالبہ ہے۔

Watch Live Public News