ویب ڈیسک: نیویارک میں ایک مشہور سیاہ گلہری جسے "پینٹ" کے نام سے جانا جاتا تھا، کو حکام کی جانب سے یبیز ٹیسٹنگ کے لیے ہلاک کردیا گیا، جس کے بعد گلہری کے مالک نے انتظامیہ پر شدید تنقید کی ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پینٹ نامی اس گلہری کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بنا ہوا تھا، جسے لوگ کافی زیادہ پسند کرتے تھے اور اس کے اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار تھی۔
گلہری کے مالک لونگو کا کہنا ہے کہ پینٹ نے اس کے ساتھ 7 سال گزارے ہیں اور وہ اکثر اس کی ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹس کرتا رہتا تھا جس کی وجہ سے وہ کافی مشہور ہوگئی تھی۔
گلہری کو مارنے کی وجہ بتاتے ہوئے نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف انوائرنمنٹل کنزرویشن اور محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گلہری کو اس کے مالک نے غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا ہوا تھا جبکہ اس دوران اس نے ایک سرکاری اہلکار کو بھی کاٹ لیا تھا، جس سے ریبیز پھیلنے کا خدشہ تھا اسی لیے ٹیسٹنگ کے لیے اسے ہلاک کرنا ضروری سمجھا گیا۔
گلہری کے مالک نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے انتظامیہ کے اس فیصلے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے قانونی مدد فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔