ویب ڈیسک: وفاقی حکومت کی تاجر دوست اسکیم کے تحت ملک بھر کے لاکھوں دکانداروں کی رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے جس کا مقصد ہول سیلرز، ڈیلرز اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لا کر محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے 6 بڑے شہروں میں دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ تاجر دوست اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل آج سے 30 اپریل تک جاری رہے گا۔
حکومت کے فیصلے کے تحت تاجروں سے ٹیکس وصولی کا جولائی سے آغاز ہوگا۔ تاجر دوست اسکیم کے تحت سبزی، پھل، گوشت، میڈیکل، کریانہ، کاسمیٹیکس، میڈیکل، ہارڈ وئیر، جیولرز اور فرنیچر کے علاوہ تزئین و آرائش کے شورومز کی بھی رجسٹریشن ہوگی۔
تاجر دوست اسکیم کا اطلاق ایک سے زائد شہروں میں فعال بین الاقوامی یا قومی کاروبار پر نہیں ہوگا۔ اسکیم کا مقصد دکانداروں، ڈیلرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے جس سے اربوں کے ٹیکس محصولات کی آمدن متوقع ہے۔
خیال رہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے طویل المدت پروگرام کے حصول کی خواہش مند ہے جس کیلئے آئی ایم ایف کی مجوزہ اصلاحات کے تحت دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔