معاشی صورت حال مثبت،آئندہ سال مہنگائی 12 فیصد تک رہنےکاامکان،وزارت منصوبہ بندی

معاشی صورت حال مثبت،آئندہ سال مہنگائی 12 فیصد تک رہنےکاامکان،وزارت منصوبہ بندی
کیپشن: معاشی صورت حال مثبت،آئندہ سال مہنگائی 12 فیصد تک رہنےکاامکان،وزارت منصوبہ بندی

ویب ڈیسک:پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی نے جمعے کو کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے ملک کی معاشی صورت حال مثبت، ترقی کا ہدف 3.6 فیصد جبکہ مہنگائی 12 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو سرکاری ذرائع نے جمعے کو بتایا کہ چونکہ مارکیٹیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے قرض کے حصول کے لیے اہم منصوبوں کی تفصیلات کی منتظر ہیں، لہذا پاکستان توقع سے تین دن تاخیر کے بعد 10 جون کو اپنا سالانہ بجٹ پیش کرے گا۔پاکستان کا مالی سال یکم جولائی سے شروع ہوتا ہے۔

ادھر وزارت منصوبہ بندی نے اپنے سالانہ منصوبے کے جائزے میں کہا کہ ’ترقی کے امکانات کا انحصار سیاسی استحکام، شرح تبادلہ، آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت میکرو اکنامک استحکام اور عالمی سطح پر تیل اور اجناس کی قیمتوں میں متوقع کمی پر ہے۔‘

وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ مالیاتی استحکام کے اقدامات کی بدولت مالی خسارہ کم ہوجائے گا اور عالمی مہنگائی کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگائی 12 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ نے بدھ کو ایک ماہانہ اپ ڈیٹ میں بتایا تھا کہ مئی میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 13.5 سے 14.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور جون تک یہ مزید کم ہو کر 12.5 سے 13.5 فیصد رہ جائے گی۔

Watch Live Public News