ویب ڈیسک: کروڑوں روپے کی اووربلنگ کے خلاف ایف آئی اے نے فیصل آباد میں بڑی کارروائی کی ہے۔ جس میں ملوث فیسکو کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد امیر، غلام عباس اور شفیق احمد شامل ہیں۔ ملزم محمد امیر فیسکو میں بطور سپرنٹنڈنٹ انجینئر تعینات تھا۔ ملزم نے سکارپ کے بل میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد کی اووربلنگ کی۔
اسی طرح ملزم غلام عباس اور شفیق احمد نے 30 سے زائد صارفین کو 59738 یونٹس کی اووربلنگ کی۔ ملزم غلام عباس فیسکو میں ایس ڈی او جبکہ ملزم شفیق احمد بطور میٹر انسپکٹر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ فیصل آباد زون میں اوور بلنگ کے جائزے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ چھاپہ مار ٹیمیں روزانہ کی بنیادوں پر اوور بلنگ کے حوالے سے میٹرز کا معائنہ کر رہی ہیں۔ انسپکشن کے دوران 12 کنکشنز پر 8205 یونٹس کی اوور بلنگ رپورٹ ہوئی۔