ویب ڈیسک:اسلام آبادہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئےٹیریان وائٹ کیس کو ناقابل سماعت قراردیدیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفعت امتیاز پر مشتمل لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کے خلاف کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار شہری محمد ساجد کی جانب سے وکیل حامد علی شاہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ اس فائل میں ایک بند لفافہ ہے وہ کھولیں، 2 ججز کا فیصلہ ہے، 2 ججز درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں۔
عدالت نے حامد علی شاہ سے استفسار کیا کہ آپ اس حوالے سے کیا کہتے ہیں؟ 3 میں سے 2 ججز دستخط کر دیں تو اس کا کیا اثر ہوگا؟۔
حامد علی شاہ نے مؤقف اپنایا کہ میں فیصلہ دیکھ کر ہی عدالت کی معاونت کر سکتا ہوں۔انہوں نے استدعا کی کہ 2 یا 3 ہفتے بعد کی تاریخ دے دیں۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ جب 2 ججز درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے چکے ہیں تو کیسے تاریخ دے سکتے ہیں؟
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے گزشتہ بینچ کے 2 ججز کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال شہری محمد ساجد کی درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دیا گیا تھا جس میں شامل 2 ججز کی جانب سے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا گیا تھا، بعد ازاں بینچ ٹوٹنے پر رواں سال نیا بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ شہری محمد ساجد محمود نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی تھی۔