9مئی مقدمات کی آڑ میں پراسیکیوشن، پولیس نےکروڑوں کی دیہاڑیاں لگائی،فوادچودھری

 9مئی مقدمات کی آڑ میں پراسیکیوشن، پولیس نےکروڑوں کی دیہاڑیاں لگائی،فوادچودھری
کیپشن: 9مئی مقدمات کی آڑ میں پراسیکیوشن، پولیس نےکروڑوں کی دیہاڑیاں لگائی،فوادچودھری

ویب ڈیسک: فواد چودھری نے کہا ہے کہ 9مئی مقدمات کی آڑ میں پراسیکیوشن اور پولیس نے کروڑوں روپے کی دیہاڑیاں لگائی ہیں، جو لکھ پتی تھے کروڑ پتی ہوچکے ہیں۔ 9مئی مقدمے میں ڈالنے اور نکالنے کے لیے تفتیشیوں نے ریٹ مقرر کررکھے ہیں۔ واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے لیکن پولیس شواہد پیش نہیں کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ایک طرف یہ کہہ رہے ہیں کہ 9مئی پر عدالتیں فیصلے نہیں کر رہی ہیں، دوسری طرف ایک سال کے بعد بھی پولیس شواہد پیش نہیں کر پا رہی۔ ہزاروں لوگ خوار ہو رہے ہیں، سیکڑوں لوگ اورعورتیں آج بھی عدالتوں کے باہر کھڑے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان وغیرہ میں تفتیشی کروڑ پتی ہوگئے ہیں،کسی کو شناخت پریڈ میں سے نکالنا ہے یا شامل کرنا ہے تو اس کے لاکھوں روپے موصول کر رہے ہیں، ہر ایک کا ریٹ مقرر ہے۔ پولیس اور پراسیکیوشن اس کا غلط استعمال کررہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ میرے اوپر 9مہینے کے بعد 9مئی کے کیسز فائل کردیے ہیں، ثبوت مانگو تو پتا ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ 9مئی کے حوالے سے کتنی سنجیدگی ہے لیکن یہ جانتا ہوں کہ تفتیشیوں کی دیہاڑیاں لگ رہی ہیں۔ معصوم اور غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ اس سارے معاملے کی میں مذمت کرتا ہوں بلکہ ہر شخص ہی کو مذمت کرنی چاہیے۔

Watch Live Public News