حکومت کا پٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان

حکومت کا پٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کا بڑا قدام سامنے آیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی ہے ، پٹرول 12 روپے 63 پیسے فی لٹر سستا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے بتایا کہ پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 12 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی ہے، پٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل 235 روپے 30 پیسے فی لٹر میں فروخت کیا جائے گا اور ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لٹر کمی کے بعد 191 روپے 83 پیسے کر دی گئی ہے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ وزیرخزانہ نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع دیتے ہوئے بتایا کہ 31 اکتوبر تک انکم ٹیکس جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کو پہلی سہ ماہی ختم ہوئی ہے جبکہ میں نے گذشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا دورہ بھی کیا تھا، انہوں نے کہا کہ اس کی کچھ تفصیلات بھی بتانا چاہوں گا۔ ستمبر کے مہینے میں 685 ارب روپے کی کلیکشن ہوئی ، پہلی سہ ماہی یعنی یکم جولائی سے 30 ستمبر کے درمیان 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ ہدف 1609 ارب روپے کا تھا اس طرح ریونیو اہداف حاصل ہوئے ہیں۔ اس مدت کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال اسی سہ ماہی میں 62 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے تھے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔