لاہور: تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کھیلے جانیوالے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو 20 سال بعد ون ڈے سیریز میں ہرا دیا ، پاکستان نے آخری مرتبہ وقار یونس کی قیادت میں 2002 میں آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے 211 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 37.5 اوور میں حاصل کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری، فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جتوا دیا۔ کپتان بابر اعظم نے 105 رنز بنا کر نا قابل شکست رہے جبکہ امام الحق بھی 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔مہمان ٹیم کی جانب سے نیتھن ایلس ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 211 رنز کا ہدف دیا تھا،مہمان ٹیم کی جانب سے ٹریوس ہیڈ اور کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئےتھے، الیکس کیری 56 ، شان ایبٹ 49 رنز بنا سکے، بین میکدر میٹ 36 اور کیمرون گرین 34 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے تین، تین وکٹیں اڑائیں ، شاہین شاہ آفریدی نے دو اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ خیال رہے کہ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔