ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کے قتل کیس میں اہم پیشرفت

ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کے قتل کیس میں اہم پیشرفت
کراچی : ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے وقوعہ کے وقت مقتول کے ساتھ موجود زخمی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کو اب مضروبہ کے سابق منگیتر زبیر کی تلاش ہے، زبیر کو شامل تفتیش کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انوسٹی گیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بیربل اور قرۃ العین کے درمیان گیارہ سال سے شناسائی تھی، دونوں گلشن اقبال میں رہتے تھے اور ساتھ ہی کلینک آتے جاتے تھے۔ ابتدائی بیان میں خاتون ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ اس نے ملزموں کی شکل نہیں دیکھی، صرف گاڑی کی ڈرائیونگ سائیڈ سے چنگاریاں نکلتی ہوئی دیکھیں۔ پولیس نے وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم ایم کے 4 خولوں کا فارنزک ٹیسٹ کرالیا ہے، جو ہتھیار کو قتل کے لیے استعمال ہوا وہ ماضی میں کبھی استعمال نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بیربل کے بھائی کی مدعیت میں درج مقدمے میں بھی زخمی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین پر شک کا اظہار کیا گیا تھا، انہوں نے جو بیان قلم بند کرایا وہ بھی مشکوک ہے، زخمی اسسٹنٹ کے موبائل فون کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر بیربل گینانی کو قتل کردیا گیا تھا، واقعے میں ان کی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین بھی زخمی ہوئیں تھیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔