وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت

وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت
کراچی : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے اور ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہےکہ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس پر تیزی کے کام ہو رہا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ سٹریٹیجک تعاون کو مزید وسعت دیں۔ ملجم کلاس کورویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔ پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک گہرے ، قریبی ، تاریخی اور مذہبی رشتے میں منسلک ہیں۔ ہمارا ورثہ اور تہذیب مشترک ہے۔ مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک کے خیالات یکساں ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت پاکستان کے عوام نے تحریک خلافت کی بھرپور حمایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے۔ 2010 میں پاکستان میں جب شدید سیلاب آیا تو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نےپاکستان کا دورہ کیا ۔ یہاں پر رجب طیب اردوان ہسپتال اور ان کی اہلیہ کے نام پر سکول تعمیر کئے گئے ۔زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات میں ترکیہ نے اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کی۔ دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارہ مثالی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ ملجم کلاس کارویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔یہ منصوبہ بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ دونوں ممالک کی خوشحالی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سی پیک اس سلسلہ میں انتہائی اہمیت ہے جس کے دوسرے مرحلے میں ہم داخل ہو رہے ہیں۔ جس کے تحت گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور ، اکنامک زون کوریڈور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کوریڈور زون بنائے جائیں گے۔ ہم صدر طیب اردوان سے بھی اس پر بات کرچکے ہیں اور اس دعوت کی تجدید کرتےہیں کہ ترکی بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے اس منصوبے میں شامل ہو۔ گوادر کو ہم نے ایک اہم تجارتی مرکز بنانا ہے۔ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس پر تیزی کے کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان ترکی سٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دے۔ ملک کے عوام اور تمام متعلقہ فریقین کی طرف سے اس منصوبے کو کامیاب بنانے والوں کی کاوشوں کو سراہتےہیں اور تاریخ اس محنت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ہماری بری ، بحری اور فضائی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسے سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ شہباز شریف نے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کے لئے 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں پچھلے ایک سال میں شدید مالی چیلنجوں کا سامنا رہا ہے اور اس کا سب سے زیادہ بوجھ ملک کے عوام پر پڑا ہے۔ بیرونی کساد بازاری ، تیل کی درآمد، مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اس کا بنیادی سبب ہے لیکن اس منصوبے میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو تسلیم کرتےہوئے اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے مالی مشکلات کے باوجود ان کے لئے 20 کروڑ روپے کا تحفہ لایا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔