ویب ڈیسک: نوئیڈا میں ایک خاتون نے شادی سے انکار کرنے پر 21 سالہ نوجوان کے قتل کی سازش کی۔ دونوں کی حال ہی میں سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون نے نوجوان کے مشروب میں نشہ آور چیز ملا کر اسے اپنے ساتھیوں کے ذریعے قتل کروانے کی کوشش کی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق رابوپورہ تھانے کے انچارج انسپکٹر رگھویندر کمار سنگھ نے بتایا کہ منگل کی رات ہنس راج نامی شخص نے رپورٹ درج کروائی کہ اس کے 21 سالہ بیٹے دھیرج جو بی کام کا طالب علم ہے، کو 24 دسمبر کی صبح پریا نامی خاتون نے ملاقات کے لیے بلایا۔ ہنس راج نے بتایا کہ تقریباً چھ ماہ پہلے پریا اور اس کے بیٹے کی سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، جس کے بعد وہ گریٹر نوئیڈا آئی تھی۔
شکایت کے مطابق دھیرج اور پریا ایک کار میں موجود تھے جب خاتون نے دھیرج کے فروٹ جوس میں نشہ آور چیز ملا دی اور اسے پینے پر مجبور کیا۔ بعد میں پریا نے اپنے دو ساتھیوں کو بلایا اور دھیرج کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کرنے کی کوشش کی۔ دھیرج کو بے ہوشی کی حالت میں کار میں دیکھ کر مقامی لوگوں نے اسے پہچانا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔
دھیرج کو فوری طور پر گریٹر نوئیڈا کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ رابوپورہ تھانے کے انچارج نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر پریا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔