ویب ڈیسک: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف نیو یارک میں ہش منی کیس میں جج نے کہا کہ ٹرمپ کو 10 جنوری کو سزا سنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس کے 10 روز بعد ٹرمپ کو امریکی صدر کے عہدے کے لیے حلف اٹھانا ہے۔
امریکی جج نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔
رپورٹس کے مطابق جج نے کاروباری معلومات میں جعلسازی سے متعلق مقدمے میں ٹرمپ پر فرد جرم برقرار رکھی ہے تاہم نو منتخب صدر کو جیل کی سزا ممکنہ طور پر نہیں سنائی جائے گی۔
ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔
ری پبلکن رہنما کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا امکان ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل :
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کی عدالت کی جانب سے فحش اداکارہ کو ہش منی ادا کرنے کے کیس کا فیصلہ دس جنوری کو سنانے کو "غیر قانونی سیاسی حملہ" قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ "ٹرتھ" پر ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلہ سنانے کے اعلان کو "غیر قانونی سیاسی حملہ اور ڈھونگ" قرار دیا۔
انہوں نے جج کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طرف داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔