خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کےآپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کےآپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک
کیپشن: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کےآپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: آئی ایس پی آر کے مطابق خیرپختونخوا میں دو مختلف آپریشنز کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، دوران کارروائی 7 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان اور کمانڈر اشفاق عرف معاویہ شامل ہیں۔

  آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع لکی مروت میں آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف 

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی تیراہ، ضلع خیبر اور لکی مروت میں دھشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کی پزیرائی.

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 دھشتگردوں، بشمول خطرناک و انتہائی مطلوب دھشتگردوں، کو جہنم واصل کیا جس پر پوری قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے. پاکستان کے محافظوں کا ملک میں امن کے قیام کیلئے غیر متزلزل عزم لائقِ تحسین ہے.پوری قوم ملک کو دھشتگردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےخیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔سکیورٹی فورسز نے تیراہ اور لکی مروت  میں دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔قوم کو سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  محفوظ اور پرامن پاکستان کی جدوجہد میں سکیورٹی فورسز کے تاریخ ساز کردار کی پوری دنیا معترف ہے،دہشتگردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔پاک وطن سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News