کابل : ملٹری ہسپتال کے قریب زور دار دھماکے ، 19 جاں بحق

کابل : ملٹری ہسپتال کے قریب زور دار دھماکے ، 19 جاں بحق

ویب ڈیسک: افغان وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق دو دھماکوں میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ملک کے سب سے بڑے فوجی ہسپتال میں فائرنگ کے بعد دو دھماکوں میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین اور حکومتی ترجمان کے مطابق افغان دارالحکومت میں سردار محمد داؤد خان ملٹری ہسپتال کے قریب فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

امارت اسلامیہ کے نائب ترجمان بلال کریمی نے صحافیوں کو بتایا کہ کم از کم دو دھماکے 400 بستروں والے ہسپتال کے داخلی دروازے پر ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ کار بم دھماکہ تھا۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز تعینات ہیں، ہلاکتوں کے بارے میں کوئی واضح اطلاع نہیں ہے۔ قبل ازیں وزارت داخلہ کے ترجمان سعید خوستی نے کہا تھا کہ دھماکوں میں ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم انہوں نے تعداد کی تصدیق نہیں کی۔

رہائشیوں کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں وسطی کابل میں وزیر اکبر خان کے علاقے میں سابق سفارتی زون میں ہونے والے دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔

فوری طور پر کوئی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ لیکن سرکاری خبر رساں ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ داعش (ISIS) سے وابستہ جنگجوؤں کی ایک بڑی تعداد ہسپتال میں داخل ہوئی اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کی۔وزارت داخلہ کے مطابق، طالبان کے خصوصی دستے اس واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر بھیجے گئے ہیں۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔