’عدل و انصاف ہی سے خوشحالی ممکن ہو سکتی ہے‘

’عدل و انصاف ہی سے خوشحالی ممکن ہو سکتی ہے‘
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس میں قانون کی بالا دستی ہو۔ خوشحالی انصاف اور عدل کے نظام سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ ماضی میں مفاد پرست عناصر نے قانون کا غلط استعمال کیا۔ بار ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکلا تنظیموں کی جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔ امیر اور طاقتور طبقہ قانون کی گرفت سے آزاد رہا اور کمزور طبقات کا قانون کے غلط استعمال کے ذریعہ استحصال کیا جاتا رہا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سول اور فوجداری قوانین میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ قانونی اصلاحات سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ وکلا تنظیمیں قانونی اصلاحات کے ایجنڈے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے وکلاء ہاؤسنگ کالونی میں درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ وکلاء کو صحت کارڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔ انھوں نے ہدایت کی کہ نوجوان وکلاء کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ بار سے مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جایا۔ اس کے ساتھ ساتھ بار کی گرانٹس سے متعلقہ ایشو کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری احمد شہزاد فاروق رانا نے بار کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ بار ممبران نے حکومت کے قانونی اصلاحات ایجنڈے کی مکمل تائید کی اور مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ملاقات کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ملک میں عدل و انصاف کے نظام میں حقیقی اصلاحات اور مثبت تبدیلی کی واحدامید ہیں۔ وزیرِ اعظم کو یقین دہانی کرائی گئی کہ وکلاء برادری جامع اور مفصل قانونی اصلاحات متعارف کرانے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں احمد شہزاد فاروق رانا، محمد اجمل خان، محمد ارشد باجوہ چوہدری، قاضی عبدالحمید صدیقی، شیریں عمران، محمد افضل جنجوعہ، عارف محمود چوہدری، محمد ناصر اقبال صدیقی، سید محمد اسدعباس شاہ، عبدالمالک بلوچ، عبدالرزاق شر، فدا بہادر، جام آصف محمود لار، منیر احمد خان، احمد زیرک، راجا عامر خان اور راجا اشفاق احمد شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزراء فواد چودھری، فروغ نسیم، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی موجود تھے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔