T20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دیدی

T20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دیدی
کیپشن: T20WC: SLvSA
سورس: Twitter

(ویب ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

نیویارک میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی خطرناک بولنگ اور عمدہ فیلڈنگ کے سامنے سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چلی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 77 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کے کوشل مینڈس 19 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اینجیلو میتھیوس نے 16 اور کمنڈو مینڈس نے 11 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ کوئی اور کھلاڑی دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکا۔

جنوبی افریقہ کے اینرک نورکیا نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور کے کوٹہ میں 7 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرلیں۔ انکے علاوہ کیشو مہاراج اور کگیسو رباڈا نے دو دو جبکہ اوٹنیل بارٹمین نے ایک وکٹ لی۔ جنوبی افریقہ نے 78 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

پروٹیاز کے کوئنٹن ڈی کوک 20 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ آئیڈن مارکرم نے 12، ٹرسٹن اسٹبس نے 13 اور ریزا ہینڈرکس نے 4 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہینرک کلاسین 19 اور ڈیوڈ ملر 6 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ 

سری لنکا کے کپتان ونندو ہسارانگا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوان تھشارا اور داسن شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔ جنوبی افریقہ کے اینرک نورکیا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

Watch Live Public News