ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلا ت کے مطابق گیانا کے پروویڈنس کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 16.4 اوورز میں 103 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
قبل ازیں بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تاخیر سے ہوا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا ٹاس 7 بجے ہونا تھا جبکہ میچ شروع ہونے کا وقت 7 بجکر 30 منٹ تھا تاہم بارش کے باعث میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، میچ کا ٹاس 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا جبکہ میچ کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر ہوا اور انگلش کپتان جوش بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت کی اننگز
انگلینڈ کی دعوت پر بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم ویرات کوہلی 9 گیندوں پر 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بھارت کی دوسری وکٹ 40 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب رشبھ پنت 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
8 اوورز میں 65 رنز کے مجموعی سکور پر میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا، میچ کے دوبارہ آغاز پر کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔
بھارت کی تیسری وکٹ 113 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان روہت شرما 57 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ چوتھی وکٹ سوریاکمار یادیو کی گری جو 47 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔
انڈیا کی پانچویں وکٹ 146 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب ہاردک پانڈیا 23 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ شیوم ڈوبے کی گری جو بغیر کوئی رن سکور کئے پویلین لوٹ گئے، رویندر جڈیجہ 17 اور ارشدیپ سنگھ ایک رن کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے، انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 3، عادل رشید، ٹوپلی، اجوفرا ٓرچر اور سیم کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی اننگز
بعدازاں ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین بھارتی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
ہیری بروک 25، کپتان جوش بٹلر 23، لیام لیام لیونگسٹون 11 اور جوفرا آرچر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور انکے علاوہ کوئی بھی انگلش بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
انگلینڈ کے معین علی 8 ، فل سالٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو صفر پر آؤٹ ہوئےجبکہ سیم کرن اور عادل رشید 2 ،2 رنز بناسکے ، بھارت کے اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل ہفتہ کو بارباڈوس میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔